ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بھارت پر دہشتگردی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک دہشتگرد ملک ہے اور اسے اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ امن چاہتا ہے یا تصادم۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کی حکومت پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگا رہی ہے، حالانکہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کی مخالفت کی ہے اور خود سب سے زیادہ دہشتگردی کا نشانہ بنا ہے۔
انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر اس نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری مسلح افواج مکمل تیار ہیں اور قوم متحد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کر رہا ہے، لیکن پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکی اور نہ جھکے گی۔"ہم سندھی، پنجابی، بلوچ، پختون اور کشمیری ضرور ہیں، مگر سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔"
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے دنیا کو بھارتی دہشتگردی کے ثبوت فراہم کر دیے ہیں، اب عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا ہوگا۔