ویب ڈیسک: اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ان کی نازیبا تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہیں، اور یہ عوام میں دھوکہ دہی اور غلط فہمی پیدا کر سکتی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق میلونی نے بتایا کہ کئی جعلی تصاویر ایسی بنائی گئی ہیں جنہیں سیاسی مخالفین نے اصلی قرار دے کر عام کیا، اور یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ اب لوگوں پر حملے کرنے اور جھوٹ پھیلانے کے لیے کسی بھی حربے کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اصل مسئلہ میری ذات سے بالاتر ہے۔ ڈیپ فیکس ایک خطرناک ہتھیار ہیں جو کسی کو بھی دھوکہ دینے، ورغلانے اور نقصان پہنچانے کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔ میں اپنا دفاع کر سکتی ہوں، لیکن بہت سے لوگ ایسا نہیں کر پاتے۔
جورجیا میلونی نے عوام پر زور دیا کہ وہ آن لائن مواد کو سچ سمجھنے یا شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اصول ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے: پہلے تصدیق کریں، پھر شیئر کریں۔