(ویب ڈیسک) ایران نے امریکا میں منعقدہونیوالے فٹبال ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے فیفا سے گارنٹی مانگ لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ا یران نے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی میزبانی میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے دوران اپنی قومی ٹیم کے وفد کی حفاظت کے لیے فیفا سے باضابطہ گارنٹی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری سیاسی تناؤ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فیفا کو یقینی بنانا چاہیے کہ ایرانی وفد کو امریکی سرزمین پر کسی قسم کے ناروا سلوک یا بے عزتی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے، فیفا کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وینکوور میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران، ایرانی فٹ بال کے وفد کو کینیڈا کی سرحد پر واپس بھجوا دیا ،ایرانی وفد کے ارکان نے امیگریشن حکام کی جانب سے ان کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کو ’نامناسب‘ قرار دیا۔
یاد رہے کہ فیفا کے صدر اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ ایران عالمی کپ میں شرکت کرے گا جس میں وہ امریکا میں کھیلے جانے والے میچز میں شریک ہو گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ انہیں امریکا میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں ایران کی شرکت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 2026 کا ایڈیشن فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایڈیشن ہے، جس میں پہلی بار 48 قومی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی، ٹورنامنٹ کاآغاز 11 جون سے ہو گا ، میگا ایونٹ 19 جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔