(ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026 نہ صرف ٹیموں اور میچوں کی تعداد کے اعتبار سے تاریخ کا سب سے بڑا عالمی فٹبال ایونٹ بن چکا ہے بلکہ انعامی رقم کے لحاظ سے بھی اس نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے اس 48 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے لیے فیفا نے مجموعی طور پر 87 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر کی مالی تقسیم کا اعلان کیا ہے، جو 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
فیفا کے مطابق کارکردگی کی بنیاد پر تقسیم کی جانے والی مجموعی انعامی رقم 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو قطر میں منعقدہ 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے۔
آج کھیلے جانے والے فائنل میں اسپین اور ارجنٹینا کی ٹیمیں عالمی اعزاز کے ساتھ ساتھ ریکارڈ 5 کروڑ امریکی ڈالر کی انعامی رقم کے لیے بھی مدمقابل ہوں گی۔ فیفا کے مطابق عالمی چیمپئن کی قومی فٹبال فیڈریشن کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ اس طرح دونوں ٹیموں کی انعامی رقم میں ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا فرق ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے مختلف مراحل کے لیے بھی الگ الگ انعامی رقوم مقرر کی گئی ہیں۔ راؤنڈ آف 32 تک پہنچنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر، راؤنڈ آف 16 کھیلنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر، کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ اسی طرح چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی حقدار ہوگی۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو شکست دے کر برانز میڈل اپنے نام کیا، جس پر اسے 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ چوتھی پوزیشن پر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
فیفا نے ٹورنامنٹ میں شریک ہر قومی فٹبال فیڈریشن کے لیے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالر کی ضمانتی رقم بھی مقرر کی ہے، جبکہ ہر ٹیم کی تیاری کے اخراجات کے لیے 25 لاکھ ڈالر الگ سے فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سفری، انتظامی اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے بھی اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
درجہ بندی کے مطابق نویں سے سولہویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر، 17ویں سے 32ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ 33ویں سے 48ویں پوزیشن تک آنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
فیفا کے مطابق تمام انعامی رقوم براہِ راست متعلقہ قومی فٹبال فیڈریشنز کو ادا کی جاتی ہیں، جبکہ کھلاڑیوں کو دیے جانے والے بونس کا فیصلہ ہر ملک کی فٹبال فیڈریشن اور ٹیم کے درمیان طے شدہ معاہدوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں، فیفا کے کلب بینیفٹس پروگرام کے تحت قومی ٹیموں کو اپنے کھلاڑی فراہم کرنے والے کلبوں میں مجموعی طور پر 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تقسیم کیے جائیں گے، جو اس پروگرام کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم ہے۔
موازنہ کیا جائے تو 2022 کے ورلڈ کپ میں چیمپئن ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ رنر اپ فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ملے تھے۔ اس کے برعکس 2026 کے عالمی کپ میں فاتح ٹیم کے لیے مقرر کردہ 5 کروڑ ڈالر ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی انعامی رقم ہے۔