ظہران ممدانی کے میئر منتخب ہونے پر ٹرمپ کا شہریوں کو بڑا مشورہ

ظہران ممدانی کے میئر منتخب ہونے پر ٹرمپ کا شہریوں کو بڑا مشورہ
کیپشن: ظہران ممدانی کے میئر منتخب ہونے پر ٹرمپ کا شہریوں کو بڑا مشورہ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ظہران ممدانی کے نیویارک سٹی کا میئر بننے کے بعد شہری اب شہر چھوڑ کر فلوریڈا منتقل ہونا شروع ہوجائیں گے۔

میامی میں ایک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ “ نیویارک سٹی نے الیکشن کے دن اپنی خودمختاری کھو دی ہے۔ دیکھتے ہیں ظہران ممدانی نیویارک میں کیسا کام کرتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کامیاب ہو، اور ہم ان کی تھوڑی مدد بھی کریں گے۔”

صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ “اب میامی نیویارک سٹی سے آنے والے افراد کے لیے پناہ گاہ بن جائے گا کیونکہ لوگ ممدانی کے کمیونسٹ نظریات سے بچنا چاہتے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ نیویارک کے نو منتخب میئر کو واشنگٹن کے ساتھ نیا تعلق قائم کرنا چاہیے۔ “اگر ظہران ممدانی نے تعاون نہ کیا تو انہیں بڑا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔”

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ممدانی سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، “اگر وہ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو انہیں واشنگٹن کا احترام کرنا ہوگا۔”

خطاب کے دوران امریکی صدر نے عالمی امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “امریکا جوہری طاقت کے لحاظ سے نمبر ون ہے، روس دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہے۔” انہوں نے پیش گوئی کی کہ چار سے پانچ سال میں چین امریکا کے برابر آسکتا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ “جنوبی افریقہ کو اب جی-20 ممالک کے گروپ میں شامل نہیں ہونا چاہیے، اور میں رواں ماہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا۔” تقریب کے اختتام پر ٹرمپ نے رقص بھی کیا۔

یاد رہے کہ ظہران ممدانی نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان اور سب سے کم عمر میئر بن گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کاروباری شخصیت ایلون مسک کی مخالفت کے باوجود انہوں نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔

Watch Live Public News