لاہور میں خنکی بڑھنے لگی، سموگ میں کمی، ہوا کا معیار بہتر ہونے لگا

لاہور میں خنکی بڑھنے لگی، سموگ میں کمی، ہوا کا معیار بہتر ہونے لگا
کیپشن: لاہور میں خنکی بڑھنے لگی، سموگ میں کمی، ہوا کا معیار بہتر ہونے لگا

ویب ڈیسک: موسم کے تیور بدلنے لگے ہیں، فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا جبکہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی شدت میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 12 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ جمعرات کی صبح شہر کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور بادل برسنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔

فضائی آلودگی میں کمی کے باوجود لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 185 ریکارڈ کیا گیا۔ گلبرگ ٹو میں 240، برکی روڈ پر 228 اور ڈی ایچ اے میں 217 پوائنٹس ریکارڈ کیے گئے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال جاری رکھیں۔

’کلین ایئر ایکشن پلان‘ کے تحت اقدامات میں تیزی

سموگ نگرانی و پیشگی نظام کے مطابق ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے جنوب مشرق کی جانب ہے، جس کے باعث آلودہ ہوا لاہور اور مشرقی پنجاب سے باہر کی سمت دھکیلی جا رہی ہے۔ ہوا کی اوسط رفتار 7 سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جو دوپہر کے وقت معمولی طور پر بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق شمال مغربی ہوا کے بہاؤ کے باعث لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں فضائی معیار میں بہتری دیکھی جا رہی ہے، جبکہ فیصل آباد اور ساہیوال میں ایئر کوالٹی انڈیکس معتدل سطح پر برقرار ہے۔ تاہم، ملتان اور بہاولپور میں فضائی آلودگی میں بتدریج اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے ’’کلین ایئر ایکشن پلان‘‘ کے تحت شہر وار سموگ مانیٹرنگ اور فوری ردعمل یونٹس کو روزانہ کی بنیاد پر فعال کر دیا ہے۔ صنعتی اخراج اور فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات پر بھی سخت نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا پیغام

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید سسٹمز نصب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک پہنیں، اور صبح و شام کے وقت بچوں اور بزرگوں کو کھلی فضا میں جانے سے بچائیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ اگر گلے یا آنکھوں میں خارش، سانس لینے میں دشواری یا کھانسی جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی ہسپتال یا کلینک سے رجوع کریں۔

پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق عوامی آگاہی مہم ’’صاف فضا، محفوظ پنجاب‘‘ کے اگلے مرحلے میں تعلیمی اداروں، مارکیٹوں اور میڈیا کے ذریعے سموگ سے متعلق آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اپنی صحت کو محفوظ رکھ سکیں۔

Watch Live Public News