27 ویں آئینی ترمیم کا مقصد میثاقِ جمہوریت پر عملدرآمد ہے، احسن اقبال

27 ویں آئینی ترمیم کا مقصد میثاقِ جمہوریت پر عملدرآمد ہے، احسن اقبال
کیپشن: 27 ویں آئینی ترمیم کا مقصد میثاقِ جمہوریت پر عملدرآمد ہے، احسن اقبال

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کا بنیادی مقصد میثاقِ جمہوریت پر عملدرآمد اور ملکی اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔

لندن پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وہ برطانوی حکام سے کیبنٹ آفس اور کارلٹن ہاؤس میں ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق، آج کا دن انتہائی مصروف رہا اور 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ آئینی ترمیم شفاف طریقے سے عمل میں لائی جائے گی اور پارلیمنٹ میں اس پر بھرپور بحث ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ“27 ویں آئینی ترمیم کا مقصد عدلیہ کو مضبوط بنانا اور جمہوریت کے ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔”

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظام اب بھی 1971ء کے طرز کا ہے، جسے موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا، “ہم ایک مضبوط عدلیہ، مضبوط دفاع اور مضبوط جمہوریت کے خواہاں ہیں۔”

وفاقی وزیر کے مطابق جمعے کو آئینی ترمیم کا مسودہ پیش کیا جائے گا، اور اس میں ایسی کوئی شق شامل نہیں ہوگی جو آئین کی بنیاد کو کمزور کرے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ملکی استحکام کے لیے مثبت تجاویز پیش کریں۔

احسن اقبال نے گفتگو کے دوران ظہران ممدانی کو میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی امریکی جمہوریت کا حسن ہے۔

انہوں نے کہا، “ظہران ممدانی تارکِ وطن اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے سیاست میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے، دعا ہے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں۔”

Watch Live Public News