ویب ڈیسک: تھائی لینڈ میں مس یونیورس 2025 کی تقریب کے دوران تضحیک آمیز رویے کی وجہ سے کئی حسینائیں احتجاجاً واک آؤٹ کر گئیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، مس میکسیکو فاطمہ بوش کے ساتھ منتظمین نے مبینہ طور پر غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا۔ تھائی لینڈ کے مس یونیورس ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ناوت اتسارگریسل نے فاطمہ بوش سے سوال کیا کہ "انہوں نے ایک تشہیری شوٹ میں حصہ کیوں نہیں لیا؟" اور اس دوران ان کے بارے میں انگریزی میں "Dumb" یعنی احمق کا لفظ استعمال کیا، جس کے بعد تقریب کا ماحول کشیدہ ہوگیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد کئی دیگر حسیناؤں نے اسے ذلت آمیز قرار دیتے ہوئے احتجاجاً تقریب چھوڑ دی۔ مس یونیورس کے مقابلے میں شریک وکٹوریا تھیلویگ نے کہا کہ مس میکسیکو کے ساتھ اس سلوک کا عالمی معیار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
فاطمہ بوش نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ خاموش نہیں رہیں گی اور خواتین کے عزت و وقار کے لیے آواز اٹھاتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا، "ہماری آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔"
سوشل میڈیا پر بھی مس میکسیکو کے حق میں آوازیں بلند ہوئیں، اور تھائی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے رویے کی شدید تنقید کی گئی۔ کئی صارفین نے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔
مس یونیورس آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تمام شرکاء کے ساتھ باعزت سلوک پر یقین رکھتے ہیں اور کسی کے ساتھ بھی غیر مناسب رویہ نہیں اپنایا جا سکتا۔ تنظیم نے مزید کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔