ویب ڈیسک: مصباح ارشد کو مس یونیورس پاکستان 2026 منتخب کرلیا گیا ہے۔ وہ 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں ہونے والے مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
مس یونیورس پاکستان 2026 کی ریکارڈ شدہ تاج پوشی کی تقریب فلپائن کے شہر منیلا کے روزال پارک ہوٹل میں فلمائی گئی، جس کی ویڈیو 18 اور 19 اگست کو یوٹیوب پر دو حصوں میں جاری کی گئی۔ مصباح ارشد نے 10 امیدواروں کے فائنل مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے مس یونیورس پاکستان کا اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ عالمی مقابلے میں پاکستان کی ثقافت اور تشخص کی نمائندگی کریں گی۔
مصباح ارشد کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ اسلام آباد میں بھی رہ چکی ہیں۔ اس وقت جرمنی کے شہر میونخ میں مقیم ہیں اور یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
2000 میں پیدا ہونے والی مصباح ارشد نے 2023 میں حسن کے مقابلوں میں نمایاں شناخت بنائی۔ وہ مس پاکستان ورلڈ 2023 اور مس اورا پاکستان 2023 کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں، جبکہ مس انٹرنیشنل اور مس سپرا نیشنل جیسے عالمی مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔
اب وہ نومبر میں ہونے والے مس یونیورس 2026 میں دنیا بھر سے آنے والی امیدواروں کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔
مس یونیورس دنیا کے معروف حسن کے عالمی مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں امیدواروں کی خوبصورتی کے ساتھ اعتماد، شخصیت، ذہانت، گفتگو اور سماجی شعور کو بھی جانچا جاتا ہے۔