ویب ڈیسک: پاکستان آئیڈل کے شاندار فائنل میں حرا قیصر نے ’ پاکستان آئیڈل سوپر اسٹار‘ کا ٹائٹل جیت لیا۔
فائنل میں انگلش بسکٹ مینوفیکچررز (ای بی ایم) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہ زین منیر نے حرا قیصر کو ٹرافی پیش کی، جس کے ساتھ ہی پاکستان آئیڈل کے تاریخی سیزن کا اختتام ہوگیا۔
فائنل کی خاص بات معروف گلوکار عاطف اسلم کی سرپرائز پرفارمنس تھی۔ عاطف اسلم نے اپنے نئے البم ’صبح آئے نہ‘ کے ساتھ 18 سال بعد واپسی کی، جبکہ راحت فتح علی خان نے بھی خصوصی پرفارمنس پیش کی۔
عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان نے پہلی بار قومی ٹیلی ویژن پر ایک ہی اسٹیج پر پرفارم کیا، جس نے فائنل کو مزید یادگار بنا دیا۔
عاطف اسلم نے فائنل میں ’سوپر آئیکن‘ اور مہمان جج کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ مستقل ججز کے فرائض راحت فتح علی خان، فواد خان، بلال مقصود اور زیب بنگش نے انجام دیے۔
پورے سیزن کے دوران ججز نے امیدواروں کی رہنمائی کی اور انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کیا۔ شو کے میزبان شفاعت علی کو بھی پاکستان آئیڈل کی میزبانی اور خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغۂ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
پاکستان آئیڈل کے اس سیزن نے ملک بھر کے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو قومی پلیٹ فارم فراہم کیا، جہاں انہیں اپنی آواز اور فن کو بہتر بنانے کے ساتھ معروف فنکاروں سے رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملا۔