میکسیکو کی معروف بیوٹی انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران انتقال کر گئیں

میکسیکو کی معروف بیوٹی انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران انتقال کر گئیں
کیپشن: میکسیکو کی معروف بیوٹی انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران انتقال کر گئیں

ویب ڈیسک: میکسیکو کی معروف بیوٹی انفلوئنسر اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر ایڈریانا گارشیا کاسمیٹک سرجری کے دوران پیش آنے والی طبی پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 30 برس تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈریانا گارشیا منگل کے روز ریاست سینالووا کے ایک نجی کلینک میں کاسمیٹک سرجری کرا رہی تھیں کہ آپریشن کے دوران اچانک طبی پیچیدگیاں پیدا ہو گئیں۔ طبی عملے کی کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔

واقعے کے بعد مقامی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ کا تعین تاحال نہیں کیا گیا، جبکہ سرجری کے دوران پیش آنے والے تمام حالات، طبی طریقۂ کار اور ممکنہ غفلت سمیت مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایڈریانا گارشیا سوشل میڈیا پر بیوٹی، میک اپ، فیشن اور لائف اسٹائل سے متعلق مواد کی وجہ سے خاصی مقبول تھیں۔ ان کے انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 90 ہزار سے زائد فالوورز موجود تھے، جہاں ان کی ویڈیوز اور پوسٹس کو بڑی تعداد میں پسند کیا جاتا تھا۔

ان کے انتقال کی تصدیق اس میکسیکن کمپنی نے بھی کی ہے جس کے ساتھ وہ بطور بیوٹی انفلوئنسر وابستہ تھیں۔

ایڈریانا گارشیا کی اچانک وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی متعدد صارفین نے کاسمیٹک سرجری کے دوران مریضوں کی حفاظت اور طبی معیار سے متعلق سوالات بھی اٹھائے۔

Watch Live Public News