(ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات کی جانب سے ٹریفک جام سے نمٹنے کیلئے نئے ٹرانسپورٹ منصوبوں کا اعلان کردیا گیا۔
متحدہ عرب امارات میں بڑھتی آبادی اور ٹریفک جام سے نمٹنے کے لیے نیا منصوبہ متعارف کروادیا گیا۔ اماراتی وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سہیل المزروعی نے منصوبے کا اعلان کیا۔
یو اے ای میں اگلے 5 سال کیلئے روڈ اور ٹرانسپورٹ منصوبے کا اعلان کردیا گیا ہے جس پر 170 ارب درہم خرچ ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ روڈ اور ٹرانسپورٹ پروجیکٹ پر 46 ارب ڈالرز خرچ ہوں گے،اس کا مقصد متحدہ عرب امارات میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔اس منصوبے کے تحت اہم شاہراہوں کی توسیع ہوگی اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری اور ہائی اسپیڈ ریل کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق عرب امارات کی الاتحاد روڈ کو 12 لینز تک وسیع کردیا جائے گا جبکہ ایمرٹس روڈ اور شیخ محمد بن زائد روڈ کی 10 لینز تک توسیع کی جائے گی ۔اس نئے منصوبے سے سڑکوں کی گنجائش میں 45 سے 65 فیصد اضافہ ہوگا۔
حکام نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی آبادی 1 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ دبئی کی آبادی 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔