غیر قانونی مقیم غیر ملکی اپنے وطن واپس جائیں، نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب

غیر قانونی مقیم غیر ملکی اپنے وطن واپس جائیں، نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے انہیں الٹی میٹم جاری کر دیا اور فوری طور پر واپس جانے کا کہہ دیا، بصورت دیگر کریک ڈاؤن کا اعلان بھی کر دیا۔ لاہور میں میڈیا کے نمائندؤں سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں مقیم غیر ملکیوں کا ابتدائی ڈیٹا تیار کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی خود واپس چلے جائیں، غیر قانونی طور پر مقیم کسی غیر ملکیوں کو پنجاب میں نہیں رہنے دیا جائے گا، غیر ملکی خود واپس نہ گئے تو ان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں زیر تعمیر اور التواء کا شکار منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے، بند روڈ پراجیکٹ کو 120دن سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، بند روڈ پراجیکٹ کے دونوں پیکیج بیک وقت شروع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں رنگ روڈ سمیت درجنوں زیرِ التواء منصوبے شروع کرائے، راولپنڈی کے پراجیکٹ 90 سے 180 دن میں مکمل کروائیں گے، رنگ روڈ کا ایک پورشن جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ 150 دن میں بیک وقت مکمل کروائیں گے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اسکول بند کرنے سے آشوب چشم کے کیسز میں واضح کمی آئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔