ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم محمد انور ابراہیم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ والہانہ استقبال پر حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انور ابراہیم نمایاں خصوصیات کی حامل شخصیت ہیں۔ انہوں نے ملائیشیا کو ترقی یافتہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی دوطرفہ تعلقات میں اضافے اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی۔ ہمارے ملک کے بڑی تعداد میں طلبہ ملائیشیا میں زیر تعلیم ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت حلال گوشت کی بر آمد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔
شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی کتاب ’’سکرپٹ‘‘ کے اردو ترجمے کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کی کتاب ’’سکرپٹ‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب اسلام آباد اور کوالا لمپور کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعظم نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کے مطالبے پر علامہ اقبال کے اشعار پڑھے۔
اس موقع پر وزیر اعظم ملائیشیا انور ابراہیم نے کہا کہ ہمیں تمام شعبوں میں تعاون میں اضافے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ساتھ 1957 سے برادرانہ تعلقات ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔ دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ملائیشیا کے وزیر اعظم آفس (پردانا پترا) آمد پر اُن کے اعزاز میں باضابطہ استقبالہ تقریب ہوئی۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ شہباز شریف کو ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔