ویب ڈیسک: انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے آئی سی سی کو تجویز دی ہے کہ آئندہ عالمی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز نہ کروائے جائیں۔
مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ انہوں نے ایشیا کپ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال دیکھی ہے اور تجویز دی کہ آئی سی سی ایونٹس کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کا اہتمام نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاک بھارت میچز شیڈول کرنے کی وجہ معاشی اور سفارتی ہوسکتی ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں تنزلی کی وجہ سے یہ تاثر ختم ہوجائے۔
سابق کپتان نے اعتراف کیا کہ اس مقابلے کا آئی سی سی ایونٹ پر بہت بڑا مالی اثر پڑتا ہے اور شاید اسی مقابلے کی وجہ سے موجودہ حلقے میں نشریاتی حقوق کا تخمینہ 3 بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔
مائیکل ایتھرٹن کا مزید کہنا تھا کہ ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے میچز ترتیب دینے کا بہت چھوٹا جواز ہے اور یہ جواز ہمیشہ مالی حوالے سے بیان کیا گیا ہے، اگلے سرکل میں ہونے والے ڈراز شفاف ہونے چاہئیں۔