ویب ڈیسک: ترجمان سپارکو کے مطابق رواں سال کا پہلا سپر مون کل (منگل) کی شب آسمان پر نظر آئے گا جو اپنے حجم اور چمک کے باعث ایک دلکش نظارہ پیش کرے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ سپر مون سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق کی سمت میں طلوع ہوگا۔ اس موقع پر چاند اپنی معمول کی نسبت تقریباً 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
سپارکو کے مطابق کل کے سپر مون کے دوران سیارہ زحل بھی چاند کے قریب دکھائی دے گا، جو آج اور کل رات چاند کے بائیں جانب دیکھا جا سکے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ منظر شوقیہ مبصرین کے لیے خاص دلچسپی کا باعث ہوگا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سال 2025 کا سب سے روشن سپر مون 5 نومبر کو متوقع ہے، جب کہ رواں سال کا تیسرا سپر مون 5 دسمبر کو آسمان پر دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سپر مون اس وقت واقع ہوتا ہے جب چاند اپنی بیضوی مدار میں زمین کے قریب ترین مقام پر پہنچتا ہے، جس کے باعث وہ معمول سے بڑا اور زیادہ روشن نظر آتا ہے۔