مصباح الحق اور وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار

مصباح الحق اور وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار

لاہور(پبلک نیوز)‌ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ‌کوچ مصباح الحق اور باولنگ کوچ وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار ہو گئے.

ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ سیریز میں بحیثیت عبوری کوچز کی ذمہ داری نبھائیں گے. مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا.

ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہناتھا کہ جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کا جائزہ لیا، جانتا ہوں یہ آئیڈیل وقت نہیں مگر فی الحال ایسے فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکوں،اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں. دوسری جانب وقار یونس کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نے اپنا فیصلہ بتایا تو میں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا،پاکستان کے نوجوان باؤلرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہوں.

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتا ہے،گزشتہ 24 ماہ میں مصباح الحق نے اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کرکٹ کے لیے خرچ کیں.وقار یونس نے جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے،ہم نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو عبوری کوچز کی حیثیت سے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے تعینات کیا ہے. وسیم خان نے کہا آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔