اگلی بار سکور 6-0 کی بجائے 60-0 ہوگا: پاکستان فضائیہ کا بھارت کو پیغام

 اگلی بار سکور 6-0 کی بجائے 60-0 ہوگا: پاکستان فضائیہ کا بھارت کو پیغام

ویب ڈیسک: پاکستانی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے انڈیا کے ساتھ مئی میں ہونے والی جنگ میں چھ انڈین طیارے مار گرائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے ہفتے کو کہا ہے کہ اگلی بار سکور 6-0 کی بجائے 60-0 ہوگا۔

ہفتے کو یوم دفاع کے موقعہ پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب میں ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے کہا ’ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے دشمن کے ناپاک ارادوں کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہیں گے اور پاکستانی سرزمین کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انشااللہ اگلی بار سکور 6-0 تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اللہ کی مدد سے 60-0 ہوگا۔‘

یوم دفاع پر بات کرتے ہوئے پاکستان فضائیہ کے عہدیدار نے کہا کہ ’چھ ستمبر ہمیں ہر سال اس عظیم دن کی یاد دلاتا ہے جب ہماری بہادر افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک مں ملا کر وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔

’یہ دن نہ صرف ایک جنگی معرکے کی یاد ہے بلکہ ہمارے جذبے، اتحاد اور قربانی کی بھی علامت ہے۔ چاہے دشمن سرحد پار سے آئے یا اندرونی طور پر ہمارے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے، ہم ہر محاذ پر تیار کھڑے ہیں۔‘

ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ"پاک فضائیہ عوام کی اُمیدوں پر پورا اتر رہی ہے اور ہمارے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں۔" انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

Watch Live Public News