(ویب ڈیسک ) پاکستان نے بھارت کے شہر سہارنپور میں صدیوں پرانی مسجد شہید کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے 5 ستمبر کو بھارت کے صوبہ اترپردیش کے شہر سہارنپور میں تاریخی مسجد کو شہید کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ مسجد کی مسماری اسلاموفوبک اور ہندوتوا سوچ کی عکاسی ہے، مسجد کی شہادت اسلامی ورثے کو مٹانے کی وسیع تر مہم کا ایک اور مظہر ہے۔1992 میں بابری مسجد کو گرایا جانا مذہبی عدم برداشت اور نفرت کی مستقل علامت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے منظم استحصال کا عالمی برادری فوری نوٹس لے،بھارتی حکام کی سرپرستی میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور مسماری جاری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی حکام کو اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں کی مذہبی آزادی اور ثقافتی ورثے کے خلاف اقدامات پر جوابدہ بنایا جائے، بھارت میں تمام اقلیتوں کی مذہبی آزادی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔