ویب ڈیسک: سابق خاتون اول اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں اپنی بہتر سہولیات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ بطور خاتون اول وزیر اعظم ہاؤس میں مقیم رہنے کے دوران ان کی زندگی کا معیار بہت بہتر تھا، اور اس بنیاد پر وہ قانون کے مطابق جیل میں بھی بہتر سہولتوں کی حقدار ہیں۔ بشریٰ بی بی نے جیل حکام کو درخواست دی تھی لیکن سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ان کے شوہر عمران خان کو بھی اسی جیل میں بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،اس لیے بشریٰ بی بی کو بھی وہی سہولتیں ملنی چاہیے۔ جیل رولز 1978 کے تحت بشریٰ بی بی کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں وفاقی حکومت، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔ بشریٰ بی بی اس وقت اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 7 سال کی قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔