ویب ڈیسک: قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) نے مسافروں کو دی جانے والی تمام رعایتیں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم بچوں اور شیرخوار بچوں کے لیے رعایت برقرار رکھی گئی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق عالمی سپلائی چین میں غیر یقینی صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث جیٹ فیول (JP-1) کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ممکنہ مالی نقصانات سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس میں حکمت عملی تیار کی گئی، جس کے تحت رعایتوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔
مزید برآں، پی آئی اے نے اپنے فضائی آپریشن میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت متحدہ عرب امارات کے لیے ہفتہ وار پروازیں محدود کر کے 16 کر دی جائیں گی، جبکہ اپریل کے اختتام تک سعودی عرب اور یو اے ای کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل رہیں گی۔
ترجمان کے مطابق 11 اپریل سے بیجنگ اور 14 اپریل سے کوالالمپور کے لیے پروازیں بھی معطل کر دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے اضافے کے باعث یہ سخت فیصلے کرنا پڑے، کیونکہ اس کا مکمل بوجھ مسافروں پر منتقل کرنا ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پی آئی اے کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب نے جیٹ فیول کی قیمتوں میں 150 فیصد اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اس فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔