میٹرک بورڈ میں اول پوزیشن ،وزیر اعظم کا طالبعلم کو 10 لاکھ انعام،ماہانہ 30 ہزار وظیفے کا اعلان

میٹرک بورڈ میں اول پوزیشن ،وزیر اعظم کا طالبعلم کو 10 لاکھ انعام،ماہانہ 30 ہزار وظیفے کا اعلان
اسلام آباد: وزیر اعظم سے گجرانوالہ بورڈ میٹرک امتحانات میں اول پوزیشن لینے والے طالب علم کی ملاقات ہوئی ہے،وزیر اعظم نے 10 لاکھ انعام اور ماہانہ 30 ہزار وظیفے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گجرانوالہ بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم جمشید علی نے ملاقات کی، ملاقات میں جمشید علی کی والدہ، انکے میٹرک کے استاد وحید اشرف اور گجرانوالہ بورڈ کے چیئرمین نوید حیدر شیرازی بھی شریک تھے، ملاقات میں وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین بھی شریک تھے۔ وزیرِ اعظم نے جمشید علی کو انکی میٹرک کے امتحانات میں شاندار کارکردگی پر سراہا۔ وزیرِ اعظم نے جمشید علی کو انکی شاندار کارکردگی پر حوصلہ افزائی کیلئے 10 لاکھ روپے انعام سے بھی نوازا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ جمشید علی کے ماسٹرز تک کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ وزیرِ اعظم نے جمشید علی کیلئے ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفے کا بھی اعلان کیا اور اس سے وعدہ لیا کہ وہ آئندہ بھی تعلیمی میدان میں ایسی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ جیسے ہونہار طالب علم پاکستان کا فخر ہیں، آپ کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کی بھی خوب محنت شامل ہے، آپ پاکستان کے دیگر طالب علموں کیلئے بھی رول ماڈل ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔