ویب ڈیسک: گوگل نے امریکی یونیورسٹیوں میں تعلیم ، پیشہ ورانہ تربیت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تحقیق میں اربوں کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوگل اور اس کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی نے بتایا کہ ابتدا میں 'اے آئی فار ایجوکیشن ایکسلریٹر' کے ذریعے ہر کالج کے طالب علم کو مفت مصنوعی ذہانت اور کیریئر کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اور اُن کو اس سلسلے میں سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک جو 100 سے زیادہ کالج اور یونیورسٹیاں اس پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں، اُن کو اگلے تین سال تک فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ جس کی مدد سے ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں طلباء کیلئے اے آئی بیداری ، تحقیقی وظائف اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے وسائل کو فروغ دیا جائے گا۔
سندر پچائی نے واضح کیا کہ یہ تربیتی پروگرام گوگل کے حالیہ عالمی اقدام "جیمنی فار ایجوکیشن" کا تسلسل ہے جس کے تحت طلباء اور اساتذہ کو بغیر کسی اضافی لاگت کے مصنوعی ذہانت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا کی 100 بڑی یونیورسٹیاں پہلے ہی گوگل ورک اسپیس فار ایجوکیشن کا استعمال کر رہی ہیں ، جو تعلیمی اداروں کیلئے مخصوص بہترین اے آئی ٹولز تک رسائی فراہم کرتی ہے۔