خواجہ آصف کے الزامات پر افسر شاہی کا سخت ردعمل سامنے آگیا

خواجہ آصف کے الزامات پر افسر شاہی کا سخت ردعمل سامنے آگیا
کیپشن: خواجہ آصف کے الزامات پر افسر شاہی کا سخت ردعمل سامنے آگیا

ویب ڈیسک: افسر شاہی کی جانب سے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے اس بیان پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں جائیدادیں خرید چکی ہے اور اب وہاں کی شہریت حاصل کرنے کیلئے کوشش کر رہی ہے۔

گزشتہ روز ایکس پر اپنی پوسٹ میں وفاقی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں شہریت لینے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ نامی گرامی بیوروکریٹس ہیں۔ مگر مچھ اربوں روپے کھا کے آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدان تو انکا بچا کھچا کھاتے اور چولیں مارتے ہیں۔ نہ پلاٹ نہ غیر ملکی شہریت کیونکہ الیکشن لڑنا ہوتا ہے۔ پاک سر زمین کو یہ بیوروکریسی پلیت کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر کے بیان کی سچائی معلوم کرنے کیلئے جب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور نیب سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خواجہ آصف کے دعووں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اُن کے پاس اس طرح کی کوئی اطلاعات اور شواہد موجود نہیں ہیں۔

نیب حکام کے مطابق اُن کے پاس اس قسم کا کوئی کیس تفتیش کیلئے نہیں آیا ہے۔ جو خواجہ آصف کے الزامات سے مطابقت رکھتا ہو۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر کے پوسٹ پر افسر شاہی شدید ناراض ہے۔ اُن کا موقف ہے کہ اگر خواجہ صاحب کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ حکومت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن یا نیب کو پیش کرے تاکہ ان کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ بغیر ثبوت کے آدھی سے زائد بیوروکریسی کو کرپٹ قرار دینا درست نہیں۔

Watch Live Public News