شوہر کےسامنے بیوی سے گینگ ریپ کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

شوہر کےسامنے بیوی سے گینگ ریپ کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
کیپشن: شوہر کےسامنے بیوی سے گینگ ریپ کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے چوہنگ میں ہونے والے انتہائی افسوسناک گینگ ریپ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے واقعے کے چوتھے اور مرکزی ملزم عمران کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ مقابلہ قصور کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مطلوب ملزم عمران چھپا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چوہنگ میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے میں خاتون کو اُس کے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ متاثرہ خاتون پر جنسی تشدد کیا گیا اور ملزمان نے اس بھیانک جرم کی ویڈیو بھی بنائی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا خدشہ تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے پورے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔

مذکورہ کیس میں چار افراد کو نامزد کیا گیا تھا جن میں اویس، زاہد، ارشاد اور عمران شامل تھے۔ اس سے قبل تین ملزمان اویس، زاہد اور ارشاد مختلف پولیس مقابلوں میں مارے جا چکے تھے، اور اب سی سی ڈی کی کارروائی میں چوتھا اور مرکزی کردار عمران بھی اپنے انجام کو پہنچا۔

ذرائع کے مطابق عمران نے ہی اس وحشیانہ واقعے کی مکمل منصوبہ بندی کی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نہ صرف جرم میں براہِ راست ملوث تھا بلکہ اس نے تمام ساتھیوں کو اکٹھا کر کے جرم کی منصوبہ بندی کی اور ویڈیو بنانے جیسے عناصر شامل کیے تاکہ متاثرہ خاندان کو مزید خوفزدہ کیا جا سکے۔

پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اس کیس میں شامل تمام مجرمان کو انجام تک پہنچا دیا گیا ہے اور اب تفتیشی عمل کو مکمل کر کے کیس عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف دلایا جا سکے۔

پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ معاشرے میں اس طرح کے جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا رہے گا۔

Watch Live Public News