ایم ڈی کیٹ 2025 کا اعلان،فیس کیا ہوگی؟

ایم ڈی کیٹ 2025 کا اعلان،فیس کیا ہوگی؟
کیپشن: ایم ڈی کیٹ 2025 کا اعلان،فیس کیا ہوگی؟

ویب ڈیسک: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ( پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر میں میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ ٹیسٹ 5 اکتوبر 2025 کو صبح 10 بجے بیک وقت مختلف شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ہر صوبے کے امیدواروں کا ٹیسٹ متعلقہ صوبائی ادارہ لے گا۔ پنجاب میں ایم ڈی کیٹ کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کو دی گئی ہے، جبکہ سندھ میں یہ ٹیسٹ آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے تحت لیا جائے گا۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے امیدواروں کا امتحان خیبر میڈیکل یونیورسٹی لے گی، جبکہ بلوچستان کے طلبا و طالبات کا ٹیسٹ یونیورسٹی آف کوئٹہ منعقد کرے گی۔

مزید برآں، وفاقی دارالحکومت، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سعودی عرب کے ریاض میں مقیم پاکستانی امیدواروں کے لیے امتحان کی نگرانی شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کرے گی۔

رجسٹریشن کا عمل 8 اگست 2025 سے شروع ہو گا اور امیدوار بغیر لیٹ فیس کے 25 اگست تک خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ لیٹ فیس کے ساتھ درخواست دینے کی آخری تاریخ 1 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق پاکستان میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کی فیس 9000 روپے ہوگی، جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ یہ فیس 13000 روپے ہو جائے گی۔

ایم ڈی کیٹ پاکستان بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند ہزاروں طلبا کے لیے نہایت اہم امتحان ہے، اور پی ایم ڈی سی کی جانب سے اس کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

Watch Live Public News