پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط

پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط

(ویب ڈیسک)مکہ المکرمہ سربراہی اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ،وزیر اعظم شہبازشریف اور   ترکیہ کے صدر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے۔

جاری اعلامیے کے مطابق مشترکہ دفاع کے لیے مکہ المکرمہ سربراہی اجلاس ہوا۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔

ولی عہد اور وزیراعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ترکیہ کے صدر اور پاکستان کے وزیراعظم کا مکہ المکرمہ کے قصر الصفا میں استقبال کیا، جہاں مشترکہ دفاع کے لیے مکہ المکرمہ سربراہی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران مملکتِ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان قائم دیرینہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، نیز باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک کے مابین دیرینہ تاریخی تعلقات، اخوت اور اسلامی یکجہتی کے پائیدار رشتوں، مشترکہ تزویراتی مفادات اور دفاعی شعبے میں طویل عرصے سے جاری تعاون کی روشنی میں، مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔

اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ تینوں ممالک کی جانب سے اپنی اجتماعی سلامتی کو مزید مستحکم کرنے اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، تاکہ ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کے خلاف اجتماعی دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔ معاہدے میں یہ واضح طور پر طے کیا گیا ہے کہ تینوں ممالک میں سے کسی ایک کے خلاف کوئی بھی مسلح حملہ، تینوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔

مزید برآں، معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے تمام شعبوں کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کی بھی ضمانت دیتا ہے۔

Watch Live Public News