ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ غربت اور مہنگائی سے ہے، بلاول بھٹو

ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ غربت اور مہنگائی سے ہے، بلاول بھٹو
شانگلہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ غربت، بےروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔ ہمیں گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، میں کسی اور کی طرف نہیں دیکھنا چاہتا، عوام پر بھروسہ کرتا ہوں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے شانگلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے سیاستدان آج بھی پرانی اور انا کی سیاست کر رہے ہیں، کہیں اور نہیں دیکھوں گا، نہ کسی سے مدد مانگوں گا لیکن عوام سے مدد مانگتا ہوں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے ماضی میں بھی آپ کو مشکلات سے نکالا، ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ غربت، بےروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اپنی والدہ سے سیکھا ہے کہ غریبوں کی نمائندگی کس طرح کرنی ہے، ہمیں گالم گلوچ اور ٹک ٹاک کی سیاست نہیں آتی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک طرف سیاست تقسیم کا شکار ہے، دوسری طرف معاشی حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں، میرا ملک مشکل میں ہے، آئیں میرا ساتھ دیں، ہم کیسے اس ملک کی قسمت تبدیل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے آپ پہنچان چکے ہیں، میں بھی انہیں جانتا ہوں، ان کے پاس صرف پرانی سیاست ہے، جو انتقام کی سیاست ہے، ہمیں ایسی سیاست کو دفن کرنا ہے۔ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ 18 مہینے وزیرِ خارجہ رہا، میرے ہاتھ صاف ہیں، میں اپنی جیب بھرنے کے بجائے آپ کی جیب بھرنا چاہتا ہوں، آپ سے وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں آپ کی تنخوا دگنی کریں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔