انڈیا ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہیں آتا تو بھاڑ میں جائے ، جاوید میانداد

انڈیا ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہیں آتا تو بھاڑ میں جائے ، جاوید میانداد
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ اگر ایشیا کپ کے لئے بھارت پاکستان نہیں آتا تو بھاڑ میں جائے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں بھارت کے کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا تھا کہ وہ ایشیا کپ 2023 کے لئے ٹیم نہیں بھیجے گی جس پر پاکستانی کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے بھی اشارہ دیا تھا کہ پاکستان بھی انڈیا میں ہونے والے ورلڈکپ سے دستبردار ہوسکتا ہے ۔ اس معاملے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کے لئے پاکستان نہیں آنا چاہتا تو بھاڑ میں جائے، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ اگر بھارت نہیں آنا چاہتا ہے تو کوئی بھی مسئلہ نہیں ہے ، ہمیں ہماری کرکٹ مل رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آئی سی سی کا کام ہے کہ اس طرح کی چیزوں کو کنٹرول کرے ورنہ گورننگ باڈی کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ جاوید میانداد نے کہا کہ آئی سی سی کا قانون ہر ملک کے لئے یکساں ہونا چاہیے، اگر ایسی ٹیمیں قانون نہیں مانتی تو جتنی بھی مضبوط کیوں نہ ہوں انہیں باہر کردینا چاہیے ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے وقت میں بھی وہ نہیں کھیلتے تھے کیوںکہ وہ نتیجے سے خوف زدہ ہوتے تھے، بھارتی کراؤڈ بہت خراب ہے، بھارت چاہے جس سے بھی ہارے وہ گھروں کو آگ لگا دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ڈرتے ہیں ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔