ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین عاقب جاوید نے اپنے استعفے یا عہدے سے ہٹائے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جعلی قرار دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ان کے استعفے سے متعلق خبریں درست نہیں۔ ان کا مختصر کہنا تھا، ’’کوئی استعفیٰ نہیں، یہ جعلی خبر ہے۔‘‘
عاقب جاوید کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میڈیا رپورٹس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں انتظامی سطح پر بڑی تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ رپورٹس میں انہیں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
عاقب جاوید گزشتہ دو برس سے پی سی بی میں اہم ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ وہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے علاوہ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کی ذمہ داری بھی سنبھال رہے ہیں۔
حالیہ عرصے میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور سلیکشن سے متعلق فیصلوں پر عاقب جاوید کو تنقید کا سامنا بھی رہا ہے، تاہم انہوں نے اپنے عہدے سے علیحدگی کی خبروں کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے۔