جیسن گلیسپی کی پی سی بی اور عاقب جاوید پر سخت تنقید

جیسن گلیسپی کی پی سی بی اور عاقب جاوید پر سخت تنقید
کیپشن: جیسن گلیسپی کی پی سی بی اور عاقب جاوید پر سخت تنقید

ویب ڈیسک: پاکستان ریڈ بال ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے ایک بار پھر پاکستان کرکٹ کے معاملات پر کھل کر بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) اور سابق سلیکٹر عاقب جاوید کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جیسن گلیسپی نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی کے ذمے ان کے اب بھی ہزاروں ڈالر واجب الادا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور آئندہ بھی ایسا نہیں کریں گے۔

سابق کوچ نے عاقب جاوید پر اپنے خلاف منفی گفتگو کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو وہ قانونی کارروائی کا حق استعمال کریں گے۔ ان کے بقول پاکستان کرکٹ کی موجودہ صورتحال دیکھ کر انہیں افسوس ہوتا ہے اور کرکٹ ایک نقصان دہ چکر میں پھنس چکی ہے۔

گلیسپی نے کہا کہ عاقب جاوید کی تقرری کے بعد معاملات تبدیل ہوگئے اور سلیکشن سمیت کئی اہم امور میں ان کا کردار محدود ہوگیا۔ ان کے مطابق پاکستان میں کوچنگ کا تجربہ ان کے لیے ذہنی طور پر مشکل رہا اور اس نے انہیں کوچنگ سے بددل کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوچنگ قبول کرنے کا مقصد ٹیسٹ ٹیم کو بہتر بنانا اور فاسٹ بولنگ کو فروغ دینا تھا۔ وہ ایسی پچز تیار کرنا چاہتے تھے جو باؤنس اور تیز بولنگ کے لیے سازگار ہوں۔

جیسن گلیسپی نے دعویٰ کیا کہ عاقب جاوید دوسروں کی رائے قبول نہیں کرتے تھے اور ان کے ساتھ کام کرنے کا ماحول قابل قبول نہیں تھا۔ انہوں نے مائیک ہیسن کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے فیصلوں پر اعتماد رکھیں اور کسی کے دباؤ میں آکر فیصلے نہ کریں۔

Watch Live Public News