عاقب جاوید کی صاحبزادی کی شادی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

عاقب جاوید کی صاحبزادی کی شادی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
کیپشن: عاقب جاوید کی صاحبزادی کی شادی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

ویب ڈیسک: سابق پاکستانی کرکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی صاحبزادی عقبہ عاقب رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

عاقب جاوید کی اہلیہ، معروف شاعرہ اور مصنفہ فرزانہ عاقب نے سوشل میڈیا پر عقبہ کی شادی کی تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں نوبیاہتا جوڑا خوشگوار موڈ میں نظر آ رہا ہے۔

فرزانہ عاقب کے مطابق عقبہ عاقب کی شادی 9 اگست کو برطانیہ میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں دونوں خاندانوں اور نوبیاہتا جوڑے کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔

شادی کی تصاویر میں عقبہ سفید رنگ کے دیدہ زیب عروسی لباس میں دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ دولہے نے رسمی سوٹ زیب تن کر رکھا ہے۔

عقبہ عاقب کا تعلیمی پس منظر بھی قابلِ ذکر ہے۔ انہوں نے چند برس قبل یونیورسٹی آف سسیکس سے میڈیا اور بین الاقوامی صحافت میں ڈگری حاصل کی تھی۔

عاقب جاوید کی پاکستانی کرکٹ سے طویل وابستگی اور فرزانہ عاقب کی ادبی خدمات کے باعث خاندان کی اس خوشی کو بھی سوشل میڈیا پر خاص توجہ حاصل ہوئی ہے۔

فرزانہ عاقب انگریزی ادب اور شاعری کے حوالے سے معروف ہیں۔ ان کے فیس بک پیج کے مطابق وہ انگریزی شاعری کی تقریباً 70 کتابیں تصنیف کرچکی ہیں اور متعدد بین الاقوامی ادبی اعزازات بھی حاصل کرچکی ہیں۔

فرزانہ عاقب نے ایک ایسی کتاب بھی تحریر کی ہے جس میں انگریزی شاعری کے ذریعے اسلامی تاریخ کو اجاگر کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News