ویب ڈیسک: فراڈ کیس میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کو بڑا ریلیف مل گیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی گرفتاری روکنے کے ساتھ اسپیشل جج سینٹرل کے فیصلے پر آئندہ سماعت تک کارروائی معطل کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجف حمید کی درخواست پر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، جبکہ کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی گئی۔
عدالت کے حکم کے مطابق فراڈ کیس میں نجف حمید کی گرفتاری فی الحال عمل میں نہیں لائی جا سکے گی۔
واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے 16 جنوری کو ایف آئی اے کی درخواست پر نجف حمید کی ضمانت قبل از گرفتاری واپس لینے کا فیصلہ سنایا تھا، جس کے بعد 24 جنوری کو ضمانت منسوخی کا تحریری حکم جاری کیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے خلاف نجف حمید نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے ضمانت منسوخی کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔
گزشتہ سماعت کے دوران نجف حمید، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجا انعام امین منہاس کے روبرو عدالت میں پیش ہوئے تھے، جہاں عدالت نے ان کی ضمانت بحالی کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی تھی۔