خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیاں ، 19 خارجی ہلاک، 3 جوان شہید

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیاں ، 19 خارجی ہلاک، 3 جوان شہید

(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 3  مختلف کارروائیوں  میں   19 خارجی  ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں  3 جوان بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر)  کے مطابق  خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز  نے 3 مختلف کارروائیاں کیں جن میں   19 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  6 اور 7 جنوری کو فورسز نے خیبرپختونخوا میں خارجی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متانی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا ۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  متانی میں سیکیورٹی فورسز  نے  دہشت گردوں کے  ٹھکانے کے خلاف موثر کارروائی  کرتے ہوئے  8 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع مہمند کے عام علاقے بائیزئی میں کیا گیا۔  سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں   8 خوارج کو ہلاک کیا۔ ضلع کرک میں تیسرا آپریشن کیا گیا، جس  میں 3 خوارج جہنم واصل ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ  دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپوں میں دھرتی کے 3 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا ، شہداء میں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر اور نائیک محمد عثمان شامل ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لانس حوالدار عباس علی کی عمر 38 برس تعلق ضلع غذر سے تھا،  نائیک محمد نذیر کی عمر 37 برس تعلق سکردو سے تھا،  نائیک محمد عثمان کی عمر 37 برس تعلق ضلع اٹک سے تھا۔  تینوں شہدا نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جان کا عظیم نظرانہ پیش کر کے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے،   پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیر اعظم کا کامیاب آ پریشن پرسیکیورٹی فورسز  کی پذیرائی: 

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے متنی ضلع پشاور، بازئی ضلع مہمند اور ضلع کرک میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔انہوں نے   آپریشن کے دوران 19 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف بھی کی۔

وزیرِاعظم  نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر اور نائیک محمد عثمان کو خراج عقیدت پیش کیا اور  شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی. 

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی ملک کے امن و امان کو خراب کرنے کی مزموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے.مجھ سمیت پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جرآت و بہادری کو سلام پیش کرتی ہے. سیکیورٹی فورسز کے اہلکار و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ارض وطن کو دھشتگردی کے ناسور سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں.

وزیرِاعظم نے کہا کہ  ملک کی بقاء کی خاطر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی لازوال قربانیاں ہیں. مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.

وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف 3 کامیاب آپریشنز  پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ   آپریشن میں 19خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔  پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

وفاقی  وزیرداخلہ محسن نقوی  نے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 3 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ  بہادر سپوتوں نے جان دے کر 19 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔   بہادر  سکیورٹی فورسز  پر قوم کو ناز ہے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ   سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ پاکستان کے عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انشاءاللہ عوام کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

پنجاب پولیس کا خیبرپختونخوا بارڈر کے قریب آپریشن، خوارجی دہشتگردوں کے ٹھکانے مسمار

پنجاب پولیس کو خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بڑی کامیابی مل گئی، پنجاب پولیس نے خیبرپختونخوا بارڈر کے قریب خوارجی دہشتگردوں کے ٹھکانے مسمار کر دیئے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ڈیرہ غازی خان میں پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر ایریا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دہشتگردوں کے بارے میں ملنے والے خفیہ اطلاع پر بستی جادے والی میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران خوارجی دہشتگرد بھاری اسلحہ سے پولیس پر حملہ آور ہوئے، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، خوارجی دہشتگرد پسپا ہو کر جھاڑیوں کی اوٹ لیتے ہوئے پہاڑوں میں بھاگ کھڑے ہوئے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر خوارجی دہشتگردوں کے 02 ٹھکانے مسمار کر کے جلا دیئے، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے، پولیس، سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرحدی علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کے ٹھکانے مسمار کرنے پر ڈی جی خان پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو شاباش بھی دی ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے 2024ء میں خوارجی دہشت گردوں کے 18 حملے ناکام بنائے، پنجاب پولیس خوارجی دہشت گردوں اور شر پسندوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔

Watch Live Public News