ویب ڈیسک: وائٹ ہاؤس نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گرین لینڈ کو حاصل کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں، جن میں امریکی فوج کے استعمال کا امکان بھی شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کئی بار واضح کر چکے ہیں کہ گرین لینڈ کا حصول امریکہ کی قومی سلامتی کی ترجیح ہے، خاص طور پر آرکٹک خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر اور ان کی ٹیم اس مقصد کے حصول کے لیے مختلف راستوں پر غور کر رہی ہیں، اور امریکی فوج کا استعمال ہمیشہ ایک آپشن ہوتا ہے۔
یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا کہ ٹرمپ انتظامیہ گرین لینڈ خریدنے کے امکانات پر غور کر رہی ہے، تاہم فوجی مداخلت کے خدشات کو کم اہمیت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، امریکی محکمہ خارجہ نے حالیہ مہینوں میں گرین لینڈ کے قدرتی وسائل، بشمول نایاب معدنیات، پر ایک تجزیہ تیار کیا ہے۔ اس تجزیے میں کہا گیا کہ ان وسائل تک رسائی مہنگی پڑ سکتی ہے، خاص طور پر سرد موسم اور بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باعث۔
گرین لینڈ، جو ڈنمارک کے زیر انتظام ہے، اپنے قدرتی وسائل اور اسٹریٹجک اہمیت کے سبب عالمی طاقتوں کی توجہ کا مرکز ہے، اور امریکی بیان نے عالمی سطح پر نئی بحث کو جنم دیا ہے۔