ویب ڈیسک: پاکستان کے JF-17 تھنڈر جنگی طیاروں میں بنگلہ دیش کی دلچسپی سامنے آئی ہے، جو پاکستان کی دفاعی برآمدات کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے اسلام آباد کے دورے کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ بنگلہ دیشی ایئر چیف ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آئے، جنہیں پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹر میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان آپریشنل تعاون، تربیت اور ایرو اسپیس ڈویلپمنٹ میں مزید تعاون پر بات چیت ہوئی۔ ایئر چیف مارشل سدھو نے بنگلہ دیشی ایئر فورس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، بشمول سپر مشاق ٹرینر طیاروں کی فراہمی اور طویل المدتی سپورٹ سسٹم کی۔
بنگلہ دیشی ایئر چیف نے پاکستان کی جنگی مہارت کو سراہتے ہوئے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی خریداری پر دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی معاونت اور فضائی نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
بنگلہ دیشی وفد نے پاک فضائیہ کی اہم تنصیبات کا معائنہ بھی کیا۔