ویب ڈیسک: لاہور میں شہریوں کی سہولت اور سلامتی کے لیے ایمرجنسی فری موبائل فون چارجنگ سروس متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت ایک ہی مقام پر چار اہم سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت منتخب مقامات پر پینک بٹن، سی ایم فری وائی فائی، ایمرجنسی رابطے اور مفت موبائل فون چارجنگ کی سہولت دستیاب ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لاہور میں 100 مقامات پر یہ چارجنگ اسٹیشنز لگانے کا منصوبہ ہے، جن میں سے 30 مقامات پر سہولت فعال ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے شہر کے سیفٹی زونز مزید مؤثر ہو گئے ہیں اور شہری ہنگامی حالات میں موبائل بیٹری ختم ہونے کی پریشانی کے بغیر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ان سہولیات کو ذمہ داری سے استعمال کریں۔ یہ منصوبہ لاہور کو ایک محفوظ اور جدید ماڈل شہر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔