میاں صاحب کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے، زرداری

میاں صاحب کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے، زرداری
اسلام آباد ( پبلک نیوز) مفاہمت کے بادشاہ سیاستدان پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے۔ نیو یارک اپارٹمنٹ سے متعلق کیس میں ضمانت کے لیے سابق صدر عدالت پہنچے تو اس دوران رستے میں صحافیوں نے غیر رسمی طور پر کچھ سوالات کیے۔ ان سوالات کے انھوں نے بہت مزے مزے کے جوابات دیئے۔ صحافی نے سوال کیا کہ زرداری صاحب! بیماری کے باوجود بھی آپ عدالت آ گئے، نواز شریف کو وطن واپسی کا مشورہ نہیں دیں گے؟ جس پر انھوں نے کہا کہ میاں صاحب آنا چاہیں تو بسم اللہ، نہ آنا چاہیں تو ان کی مرضی۔ میاں صاحب کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکہ سے متعلق سوال پر انھوں نے جواب دیا کہ وہ امریکہ دورے پر نہیں بلکہ کانفرنس میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں۔ ایک اور سوال کیا گیا کہ پی ٹی آئی حکومت کو کب تک دیکھ رہے ہیں؟ سابق صدر نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہی کب ہے؟ کشمیر انتخابات سے متعلق سوال پر کہا کہ کشمیر انتخابات میں وہی ہوگا جو ہوتا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی ایک جماعت ہے۔ ہم پچاس، ساٹھ سال سے کشمیر کے لیے لڑ رہے ہیں۔ سیلیکٹرز کو کوئی پیغام دیں گے؟ صحافی کے اس سوال پر آصف زرداری کا جواب تھا کہ میں تمہارے ذریعہ تھوڑی پیغام دوں گا۔ جس پر صحافی نے پوچھا کہ اس کا مطلب ہے آپ کے سیلیکٹرز سے براہ راست رابطے ہیں؟ آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ کیوں میں اس ملک میں نہیں رہتا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔