وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے اسلام آباد اور راولپنڈی اورمیں بلیو اور گرین لائن بس سروس کا افتتاح کردیا گیا ہے، وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بلیو لائن اور گرین بس پر ایک ماہ کے لیے مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، اس سہولت سے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد فیض یاب ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کا افتتاح آج بروز جمعرات 7 جولائی کو کردیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ بس سروس منصوبے سے اسلام آباد اور راولپنڈی کی عوام مستفید ہوں گے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گیس اور تیل کی قیمتوں سے عوام پریشان ہے۔ ماضی کی تاخیر کے ازالے کے لیے سب مل کر کام کریں، تمام ادارے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے محنت کریں۔ وزیراعظم کا اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی ہے اور جلد ہی مہنگائی سے نجات بھی مل جائے گی، گزشتہ 4 سال سے مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافےنے پوری دنیا کو پریشان کیا ہے،جتنی جلدی تیل کی قیمت کم ہوگی بجلی بھی اتنی ہی سستی بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہی عوامی فلاح کے منصوبے اور کسی بھی منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ماضی کی حکومت نے انتہائی ناقص منصوبہ بندی کی ہے، 75برسوں میں آمروں اور سیاسی جماعتوں نے ملک کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا مگر اس ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کیلئے ہم سب نے مل کر محنت کرنی ہے اور محنت سے ترقی کی منازل طے کریں گے، ملک قرضوں میں جکڑا ہے، مل کر چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ آئندہ منصوبوں میں غیر معیاری ٹینڈرنگ ہوئی توخیر نہیں، توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے سستی شمسی توانائی کا جال بھی پورے ملک میں بچھانا ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت یقینی بنا رہے ہیں، عوامی منصوبوں کی ایسے نگرانی کریں جیسے اپنے بچوں کی کرتے ہیں، اسلام آباد پولیس کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے منصوبے پر کام کرنے والے عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے محنت کرنے والوں کا مشکور ہوں۔ گرین لائن اور بلیو لائن بس کے روٹ بلیو لائن میٹرو کورال چوک سے پمز تک چلے گی،بلیو لائن بس کے 20 کلو میٹر روٹ پر 13 اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ گرین لائن بہارہ کہو سے پمز اسپتال تک چلے گی،گرین لائن کے 15.5 کلو میٹر لمبے روٹ پر 8 اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔