والدین کی سنگین غفلت: 13 سالہ ڈرائیورنے موٹرسائیکل سوار کچل ڈالا

والدین کی سنگین غفلت: 13 سالہ ڈرائیورنے موٹرسائیکل سوار کچل ڈالا
کیپشن: والدین کی سنگین غفلت: 13 سالہ ڈرائیورنے موٹرسائیکل سوار کچل ڈالا

ویب ڈیسک:لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں والدین کی شدید غفلت منظرعام پر آگئی ہے۔ جہاں 13 سالہ کم سن ڈرائیور نے موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا۔ جس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

شاہدرہ میں کمسن کار ڈرائیور کے موٹرسائیکل سواروں کو کچلنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ تھانہ شاہدرہ میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ جاں بحق نوجوان ملک امین کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔  مقدمہ قتل خطاء سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ 

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ دو بھائی ملک امین اور ملک فرید موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ تیز رفتار گاڑی نے ہٹ کیا ۔ امین موقع پر جاں بحق جبکہ فرید اور راہگیر عمران زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق ٹریفک حادثہ کم سن ڈرائیور کی برق رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔ پولیس کی جانب سے ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات شاہدرہ ٹاؤن میں کمسن لڑکے کی لاپرواہی ایک قیمتی جان لے گئی۔پولیس کے مطابق واقعہ مین شاہدرہ روڈ پر سنگیت سنیما کے قریب پیش آیا، جہاں حاشر نامی کم عمر لڑکا بغیر اجازت کار چلا رہا تھا۔ دوران ڈرائیونگ پہلے اس نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے بعد کار بے قابو ہو کر ایک موٹر سائیکل ورکشاپ کے سامنے کھڑی متعدد موٹر سائیکلوں سے جا ٹکرائی۔

حادثے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

موقع پر موجود شہریوں نے کم عمر ڈرائیور حاشر کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Watch Live Public News