نوجوانوں کیلئے ماہانہ 60 ہزار روپے کمانے کا سنہری موقع

نوجوانوں کیلئے ماہانہ 60 ہزار روپے کمانے کا سنہری موقع
کیپشن: نوجوانوں کیلئے ماہانہ 60 ہزار روپے کمانے کا سنہری موقع

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب کے کلائمیٹ لیڈرشپ انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو تین ماہ تک 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

محکمہ تحفظ ماحول و ماحولیاتی تبدیلی پنجاب کے مطابق پروگرام کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمت عملی اور ماحولیاتی پالیسی سازی میں عملی تجربہ فراہم کرتے ہوئے انہیں "کلائمیٹ وارئیرز" کے طور پر تیار کرنا ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ پروگرام میں صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے 50 فیصد نشستیں طالبات کے لیے مختص کی گئی ہیں، تاکہ ماحولیاتی شعبے میں خواتین کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انٹرن شپ کے دوران شرکا کو فیلڈ لرننگ، محکمہ ماحولیات کے مختلف منصوبوں میں عملی شرکت، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) کے دفاتر کے مطالعاتی دورے، کیپسٹن پروجیکٹس اور ماہرین کی نگرانی میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔

اہلیت کے معیار کے مطابق امیدوار کی عمر 20 سے 27 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ درخواست گزار کے پاس کم از کم بیچلر ڈگری کے ساتھ 75 فیصد نمبر یا 4.0 میں سے کم از کم 3.0 سی جی پی اے ہونا لازمی ہے۔ پروگرام مختلف تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس کے لیے کھلا ہے۔

محکمہ تحفظ ماحول و ماحولیاتی تبدیلی پنجاب کے مطابق دلچسپی رکھنے والے امیدوار 18 جولائی 2026 تک ای پی اے پنجاب کے آفیشل پورٹل کے ذریعے اپنی آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

Watch Live Public News