(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق اسلام آباد میں خاتون کو بچانے کی کوشش میں شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔شہید افسر کو غیر معمولی بہادری، بے لوث جذبۂ خدمت اور فرض شناسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ نمازِ جنازہ میں پاک فضائیہ کے سینئر افسران، جوانوں اور شہریوں نے بڑی تعداد کی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ائر چیف مارشل نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی عظیم قربانی کو پاک فضائیہ کی اعلیٰ روایات قرار دیا۔
اس موقع پر ایئر چیف نے کہا کہ ایک بے گناہ خاتون کی جان بچاتے ہوئے شہادت پاک فضائیہ کے جذبۂ ایثار کی روشن مثال ہے،پاک فضائیہ کے افسران اور جوان ملکی سرحدوں کے ساتھ عوام کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی ہر وقت تیار ہیں،گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی قربانی پاک فضائیہ اور مسلح افواج کی بہترین روایات کی عکاس ہے۔قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔