وزیر اعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

وزیر اعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (BMGF) کے شریک چیئرمین مسٹر بل گیٹس کے درمیان آج ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔ وزیراعظم نے بی ایم جی ایف کی جانب سے ملک میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں خاص طور پر ملک میں حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کو دی جانے والی قابل قدر مدد کو سراہا۔ وزیر اعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے وفاقی وزیر صحت اور انکی ٹیم کی ان تھک کوششوں سے جناب بل گیٹس کو آگاہ کرتے ہوئے انکی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے تعاون کے تمام جاری شعبوں میں فاؤنڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے 2022 میں پولیو کے نئے کیسز کی رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کیا تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ستمبر 2022 سے پولیو کیسز میں وقفہ آیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے حکومت کے زیرقیادت دیگر پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا، جن میں BMGF کی مدد سے غذائی قلت اور سٹنٹنگ، حفاظتی ٹیکوں کی ضروری خدمات، مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے RAAST، اور قومی بچت پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہیں۔ گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب جس نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی وجہ سے پولیو کے قطرے پلانے کی جاری کوششوں کو بری طرح متاثر کیا تھا کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان کو فعال طور پر نافذ کر رہی ہے اور اس کی موافقت جاری رکھے گی۔ جناب بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پولیو کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے اپنی فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل تعاون کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔