علی امین گنڈاپور کا عوام کیلئے بڑا تحفہ،صحت کارڈ کے تحت مفت علاج بحال

 علی امین گنڈاپور کا عوام کیلئے بڑا تحفہ،صحت کارڈ کے تحت مفت علاج بحال
کیپشن: health card
سورس: web desk

ویب ڈیسک:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے یکم رمضان سے صحت کارڈ کے تحت 100 فیصد آبادی کے لئے مفت علاج بحال کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلہ وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔  صوبائی حکومت کے اعلی حکام اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے حکام کی اجلاس میں شرکت کی،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صحت کارڈ کے تحت مفت علاج بحال کرنے کے لئے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کئے گئے۔

اجلاس میں صحت کارڈ کی مد میں اسٹیٹ لائف کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے ماہانہ پانچ ارب روپے جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، علی امین گنڈاپور  نے اپنے بیان میں کہا کہ امن و امان کے بعد عوام کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

صحت کارڈ عوامی فلاح و بہبود کا اہم منصوبہ ہے، اس کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا، اسٹیٹ لائف کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ اس اسکیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اصلاحات کی جائیں گی تاکہ اس کا ذیادہ سے زیادہ فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔