ویب ڈیسک: وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا افغان سٹیزن کارڈ کے حامل تمام افراد 31 مارچ تک پاکستان سے نکل جائیں ۔
پاکستان میں مقیم تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے پروگرام پر نومبر 2023 سے عمل درامد جاری ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کے فیصلے کے تحت افغان سٹیزن کارڈ کے حامل افراد کو بھی واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تمام غیر قانونی غیر ملکیوں اور اے سی سی ہولڈرز کو رضا کارانہ طور پر 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کا مشورہ دیا گیا، اس حوالے سے وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ یکم اپریل 2025 سے غیر قانونی غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو باعزت واپسی کے لیے کافی وقت دیا جا چکا ہے۔
وزارت د اخلہ کے مطابق پاکستان ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنے وعدوں اور فرائض کو پورا کرتا رہا ہے، پاکستان میں رہنے والے افراد کو تمام قانونی تقاضے پورے اور آئین کی پابندی کرنا ہوگی.
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واپسی کے عمل کے دوران کسی کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جائے گی، واپس جانے والے غیر ملکیوں کے لیے خوراک اور صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔