اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف سے اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے آج لندن میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے حمزہ یوسف کو اہم عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسٹر یوسف کے انتخاب سے اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کا اہم اور مثبت کردار کو اجاگر ہوا۔ دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، آبی وسائل، متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون اور دونوں اطراف کے عوام کے درمیان روابط شامل ہیں۔ دونوں فریقوں نے تعلیم، ہنر اور قابل تجدید ذرائع میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سکاٹ لینڈ میں موجود پاکستانی تاجروں کے اہم کردار پر بھی بات ہوئی، ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں اسکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے اور اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کی قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو دکھانے کے لیے الگ سے ایک روڈ شو کا اہتمام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی ۔ وزیر اعظم نے پچھلے سال تباہ کن سیلاب کے دوران فراخدلانا تعاون اور امداد پر اسکاٹش حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے مسٹر یوسف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ خیال رہے کہ مسٹر یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی کی قیادت کرتے ہیں، اور انہیں مارچ میں اسکاٹش پارلیمنٹ نے حکومت کی سربراہی کے لیے منتخب کیا تھا۔ وہ پہلے پاکستانی برطانوی شہری ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔