قازقستان نے معاہدہ ابراہیمی میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی، صدر ٹرمپ کا اعلان

قازقستان نے معاہدہ ابراہیمی میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی، صدر ٹرمپ کا اعلان
کیپشن: قازقستان نے معاہدہ ابراہیمی میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی، صدر ٹرمپ کا اعلان

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ قازقستان باضابطہ طور پر معاہدہ ابراہیمی (Abraham Accords) میں شامل ہو گیا ہے۔

یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں وسط ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں قازقستان کے صدر بھی شریک تھے۔

صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قازقستان ان کی دوسری مدتِ صدارت کے دوران معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہونے والا پہلا ملک ہے۔ انہوں نے قازقستان کو ایک ’’ شاندار ملک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی شمولیت دنیا میں امن، تعاون اور خوشحالی کے فروغ کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ دیگر ممالک بھی جلد اس تاریخی معاہدے کا حصہ بنیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرقِ وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے عندیہ دیا تھا کہ ’’آج رات ایک اور ملک معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہونے کا اعلان کرے گا۔‘‘

یاد رہے کہ معاہدہ ابراہیمی سابق امریکی صدر ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں طے پایا تھا، جس کے تحت اسرائیل اور مسلم اکثریتی ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر لائے گئے تھے۔ اس معاہدے میں ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش اور سوڈان شامل ہوئے تھے۔

Watch Live Public News