نواز شریف سے مریم نواز کی ملاقات، جذباتی مناظر ، آنکھیں نم

نواز شریف سے مریم نواز کی ملاقات، جذباتی مناظر ، آنکھیں نم
پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی نائب صدر مریم نواز والد سے ملاقات کیلئے لندن پہنچ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور حسین نواز سمیت دیگر فیملی ممبرز نے مریم نواز کا استقبال کیا۔ مریم نواز کے ہمراہ بیٹا جنید صفدر، بہو عائشہ جنید اور ڈاکٹر عدنان بھی تھے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی نائب صدرکے استقبال کیلئے مسلم لیگ (ن) لندن کے صدر زبیر گل، سیکرٹری انفارمیشن مسلم لیگ (ن) برطانیہ اقبال سندھو اور جنرل سیکریٹری مسلم لیگ نون لندن ایڈووکیٹ کامران اشرف سمیت دیگر رہنما اور کارکن بھی موجود تھے. لیگی کارکنوں نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا ، ان کی آمد پر کارکنوں نے گل پاشی کی ۔اس موقع پر مریم نواز نے مختصر گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ میں دل سے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں ،آپ سب کام چھوڑ کر میرے استقبال کے لیے یہاں آئے ہیں، آپ کا بہت ، بہت شکریہ۔ رش کے باعث مریم نواز میڈیا سے گفتگو نہ کرسکیں اور رہائش گاہ کے اندر چلی گئیں۔ خیال رہے کہ مریم نواز پاسپورٹ واپس ملنے کے بعد بدھ کے روز لندن کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔ روانگی سے قبل وہ دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے گئی تھیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔