(ویب ڈیسک ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر سے ملاقات کی اور 2 شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی۔انہوں نے چینی سفیر کے ساتھ کراچی دھماکے میں 2 چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے چین کے سفیر، حکومت اور جاں بحق چینی شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا ۔انہو ں نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت کے بارے آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں چین کی حکومت اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس اندوہناک سانحہ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چین دوستی پر حملہ ناقابل برداشت ہے اور برادرنہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہے، بزدل دشمن کی اس سازش کو ہرگز کامیاب نہ ہونے دیں گے، پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی بھائیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن نے پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے ۔ دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے میں تعزیتی بک میں تاثرات درج کیے اور جاں بحق شہریوں کی فیملیز سے اظہار افسوس کیا۔
چینی سفیر نے اس واقعہ کے بعد پاکستان کے ردعمل کو سراہا۔