پیوٹن کا نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ، دوٹوک پیغام سنادیا

پیوٹن کا نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ، دوٹوک پیغام سنادیا
کیپشن: پیوٹن کا نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ، دوٹوک پیغام سنادیا

ویب ڈیسک: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ روس فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔ کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے پر گفتگو کی۔

صدر پیوٹن نے کہا کہ روس ہمیشہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن اور دو ریاستی حل کا حامی رہا ہے۔ ان کے مطابق “ہم امید کرتے ہیں کہ غزہ میں امن کے لیے صدر ٹرمپ کے منصوبے پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ خطے میں استحکام آسکے۔”

کریملن کے بیان کے مطابق پیوٹن اور نیتن یاہو نے ایران کے ایٹمی پروگرام اور شام میں استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ روسی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقوں کو اشتعال انگیزی سے گریز اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے لیے عالمی سطح پر کوششیں تیز ہو چکی ہیں۔ پیوٹن اور نیتن یاہو کے درمیان آخری ٹیلیفونک بات چیت اگست میں ہوئی تھی۔

روس کا یہ مؤقف خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے کیونکہ ماسکو نہ صرف فلسطینی ریاست کے قیام کی کھل کر حمایت کر رہا ہے بلکہ اسرائیل پر بھی مذاکراتی عمل میں تعاون کی ضرورت پر زور دے رہا ہے۔

Watch Live Public News